اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اسرائیل کے عام انتخابات سے صرف ایک ہفتہ قبل مغربی کنارے کے حساس علاقے میں ساڑھے تین ہزار شیلٹر ہومز تعمیر کرنے کاوعدہ پورا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نیتن یاہو فلسطینی علاقوں میں نئی یہودی بستیوں میں اضافے کا اعلان کر چکے ہیں۔ واضح رہے نیتن یاہو نئی نئی یہودی بستیاں تعمیر کرنے کے بہانے مسلسل فلسطینی زمینوں پر قبضہ کر رہے ہیں جب کہ اسرائیلی وزیر اعظم پر کرپشن کے الزام میں تحقیقات بھی ہو رہی ہیں۔

نیتن یاہو کے سر پر انتخابات کی تلوار بھی لٹک رہی ہے اور وہ ہر دو محاذوں پر جیت کا ارادہ رکھتے ہیں۔ نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ انھوں نے فوری طور پر 35 سو گھروں کی تعمیر کا پرمٹ جاری کر دیا ہے۔ دوسری طرف فلسطینی صدر محمود عباس کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ نیتن یاہو کی طرف سے نئے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے جب کہ بین الاقوامی برادری نے نئے گھروں کی تعمیر کے اعلان کو اشتعال انگیزی سے تعبیر کرتے ہوئے اس سے بچنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

فلسطینی صدارتی ترجمان نے مزید کہا کہ نیتن یاہو کے اعلانات عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کے مترادف ہیں تاہم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ہم یروشلم اور جریکو سے باہر تعمیرات کرنا چاہتے ہیں جس سے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں ہوتی۔ 2013 میں بھی نیتن یاہو نے یروشلم تا جریکو راہداری کی تعمیر کا اعلان کیا تھا لیکن اس وقت ان پر اقوام متحدہ اور یورپی یونین کی طرف سے بہت دباؤ تھا، اس لیے وہ اپنے اعلان پر عمل درآمد نہیں کر سکے۔ نیتن یاہو نے یہ بھی کہا کہ گھروں کی تعمیر کا ان کا منصوبہ 2014 سے تیار ہے۔

یروشلم میں یہودیوں کی اعلیٰ تنظیم معالی ایڈمنسٹریٹو کونسل کے کوآرڈینیٹر ڈیوڈ ایلیانی نے کہا ہے کہ نیتن یاہو کا شیلٹر ہومز تعمیر کرنے کا پروگرام تعمیری پروگرام ہے جس سے بہت سے لوگوں کو رہائش گاہیں مل سکیں گی۔ دریں اثناء اسرائیلی انتخابات کے بارے میں منعقد کیے جانے والے سروے پولز میں نیتن یاہو کی کامیابی کا اندازہ لگایا گیا ہے۔

The post نیتن یاہو کا نئی یہودی بستیاں بسانے کا اعلان appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/37Y03Du

Post a Comment Blogger

 
Top