لاہور: پی ایس ایل 5میں ملتان سلطانز ٹائٹل کی جانب پیش قدمی جاری رکھنے کیلیے پُرعزم ہے۔

کپتان شان مسعود نے کہا کہ غیرملکی کرکٹرز کی رخصتی کے بعد پشاور زلمی کی ٹیم کمزور ہوگئی، فتح کا سنہری موقع ہاتھ سے نہیں جانے دینگے۔ حریف کپتان وہاب ریاض نے کہاکہ اب غلطی کی گنجائش نہیں، ہماری خواہش ہے کہ لاہور قلندرز کیخلاف فائنل کھیلیں۔

تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ پشاور زلمی کے غیرملکی کھلاڑی واپس چلے گئے ہیں، پی ایس ایل کے سیمی فائنل میں ہم حریف کی اس کمزوری کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے، ہمارے پاس عمران طاہر، معین علی اور روی بوپارہ موجود ہیں،انھوں نے کہا کہ اہم میچ سے پہلے ہم کسی خوش فہمی کا شکار نہیں، بہترین کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے 100فیصد کارکردگی دکھانے سے ہی فائنل میں پہنچ سکتے ہیں، پہلی بار فیصلہ کن معرکے تک رسائی کا سنہری موقع ہاتھ سے نہیں جانے دینگے۔

ہمارے پاس بہترین کھلاڑی موجود ہیں اور پلیئنگ الیون کا انتخاب سوچ سمجھ کر کرنا ہوگا،ہم نے روحیل نذیر، خوشدل شاہ اور جنید خان سب  کو آزمایا جنھوں نے پرفارم بھی کیا،انھوں نے کہا کہ ہم ایک ڈے میچ کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں، حریف ٹیم کیلیے نئی کنڈیشنز ہوں گی، دن میں میچ کی وجہ سے ٹاس زیادہ اہمیت نہیں رکھتا،زلمی کی پلیئنگ الیون کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کریں گے کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں کیا کرنا مناسب ہوگا۔

زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کہا کہ اب غلطی کی گنجائش نہیں، ہم سے زیادہ دباؤ حریف ٹیم پر ہوگا، اس پچ پر 160 سے زیادہ ٹوٹل جیت کیلیے کافی ہوگا،انھوں نے کہا کہ ڈیرن سیمی میچ ونر ہیں، انھیں کھلانے کا فیصلہ فٹنس اور فارم کو دیکھ کر کریں گے، خواہش ہے کہ لاہور قلندرز کے خلاف فائنل کھیلیں۔

The post ملتان سلطانزپیش قدمی جاری رکھنے کیلیے پُرعزم appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2QnZm0p

Post a Comment Blogger

 
Top