کراچی: اسکول میں بچوں کی غلطیوں پر ان سے کان پکڑ کر اٹھک بیٹھک کروانا ہمارے یہاں بہت عام سی سزا ہے لیکن یوگا ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے دماغ کو بہت فائدہ پہنچتا ہے اور ذہانت میں اضافہ بھی ہوتا ہے۔ کان پکڑ کر اٹھک بیٹھک کرنے کا یہ انداز دنیا بھر میں ’’سپر برین یوگا‘‘ کے نام سے مشہور ہے۔

ویسے تو اس میں سب کچھ وہی ہوتا ہے کہ جیسا کان پکڑ کر بیٹھکیں لگانے والی سزا میں ہوتا ہے، لیکن سپر برین یوگا کرنے کےلیے دائیں ہاتھ سے بائیں کان اور بائیں ہاتھ سے دائیں کان کی لو پکڑ کر دبائی جاتی ہے۔

یوگا ماسٹر چو کوک سوئی نے اس بارے میں ’’سپر برین یوگا‘‘ کے نام سے ایک پوری کتاب لکھی ہے جو 2005 میں شائع ہوئی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ یوگا کا یہ انداز سانس کی مشق اور آکوپریشر کا مجموعہ ہے جو دائیں اور بائیں دماغ کو ایک ساتھ تقویت پہنچاتا ہے۔

یعنی اس سے نہ صرف یادداشت بہتر ہوتی ہے بلکہ ذہانت میں بھی اضافہ ہوتا ہے جو تعلیم و تدریس کے علاوہ پیشہ ورانہ کارکردگی بہتر بنانے میں بھی ہماری مدد کرتا ہے۔

سب سے اچھی بات یہ ہے کہ کان پکڑ کر اٹھک بیٹھک (سپر برین یوگا) کےلیے آپ کو کسی خاص جگہ یا ماحول کی ضرورت نہیں، جبکہ پورے دن میں صرف تین سے پانچ منٹ تک یہ ’’یوگا‘‘ کرنے پر آپ کو اس کے بہترین نتائج حاصل ہوتے ہیں۔

مغربی ممالک میں مختلف مراکز یہ منفرد یوگا کروا رہے ہیں اور لوگ اس کے مفید ہونے کا اعتراف بھی کررہے ہیں۔ گزشتہ برس ہریانہ اسکول ایجوکیشن بورڈ نے اسی افادیت کے پیشِ نظر اپنے زیرِ انتظام تمام اسکولوں میں متعارف بھی کروایا تھا۔

شاید ہمیں بھی بچوں اور بڑوں کی ذہانت میں اضافہ کرنے کےلیے ’’سپر برین یوگا‘‘ پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔

The post کان پکڑ کر اٹھک بیٹھک کرنے سے دماغ مضبوط ہوتا ہے appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2wg3NmD

Post a Comment Blogger

 
Top