میکسیکو: بعض سائنس فکشن ناولوں اور کہانیوں میں انسانوں کو ناموں کی جگہ نمبر دیئے جاتے ہیں لیکن میکسیکو کے اس نوجوان کا ’’اصلی اور قانونی‘‘ نام ہی ’’سیرو سیرو تریس‘‘ (صفر صفر تین) ہے جو اس کے والدین نے رکھا تھا اور اسے باقاعدہ طور پر رجسٹر بھی کروایا تھا۔

ہسپانوی زبان میں اس نوجوان کا پورا نام ’’سیرو سیرو تریس ملر سانتوس چیبلی‘‘ ہے جس کی بدولت اس نوجوان نے عجیب و غریب ناموں کا ایک مقابلہ بھی جیتا ہے جو میکسیکو کی ایک مقامی پیزا کمپنی نے منعقد کیا تھا۔

انعام کے طور پر اسے پیزا کمپنی کی جانب سے صرف 49 پیسو (تقریباً 400 پاکستانی روپے) میں دو بڑے پیپرونی پیزا بھی دیئے گئے ہیں۔

اگرچہ اس سے پہلے سیرو سیرو تریس مشہور نہیں تھا لیکن پیزا کمپنی کی جانب سے اس بارے میں سوشل میڈیا پوسٹ کے بعد اسے راتوں رات شہرت مل گئی کیونکہ اکثر لوگوں نے اس منفرد نام پر حیرت کا اظہار کیا تھا۔

نوجوان کے والد، ملر سانتوس نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ان کا تیسرا بچہ ہے اس لیے انہوں نے سوچا کہ کیوں نہ بچوں میں اس کے نمبر ہی کو اس کا نام بنا دیا جائے۔ یہ سوچ کر انہوں نے ’’003 ملر سانتوس چیبلی‘‘ نام رکھنے کےلیے درخواست دی لیکن متعلقہ ادارے نے یہ درخواست ردّ کردی کیونکہ میکسیکو میں کوئی بھی نمبر، انسانی نام کا حصہ نہیں بن سکتا۔

پھر انہوں نے نمبر کی جگہ ہسپانوی زبان کے تین الفاظ ’’سیرو سیرو تریس‘‘ (صفر صفر تین) بطور نام رجسٹر کرنے کی درخواست دی جو منظور ہوگئی؛ اور یوں ان کے تیسرے بچے کا مکمل نام ’’سیرو سیرو تریس ملر سانتوس چیبلی‘‘ ہوگیا۔

طنز اور تضحیک کا نشانہ بننے کے باوجود، سیرو سیرو تریس نے بھی اپنا نام بدلنے کی کوشش نہیں کی۔ اس کا کہنا ہے کہ میرا نام میری شناخت ہے جس کی وجہ سے اگرچہ اس کا مذاق بھی اُڑایا گیا لیکن بہت سے اچھے دوست بھی صرف اسی منفرد نام کی وجہ سے بنے۔

The post اس نوجوان کا نام ’’صفر صفر تین‘‘ ہے! appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2Tv8l0v

Post a Comment Blogger

 
Top